23 دسمبر 2019 - 04:30
سعودی عرب کی 'دھمکی' پر پاکستان، ملائیشیا سمٹ سے دستبردار ہوا، اردوان

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو دھمکی دی تھی کہ کوالالمپور سربراہی اجلاس میں شرکت کی صورت میں اسٹیٹ بینک میں رکھی ہوئی رقم کو واپس نکال لیا جائے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ 'یہ کسی بھی ملک کے لیے پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مخصوص معاملات پر دباؤ ڈالا ہو'۔

ترک صدر کے حوالے سے رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کا کہنا تھا کہ ‘سعودی حکومت نے دھمکی دی تھی کہ سمٹ میں شرکت کی صورت میں پاکستان کے مرکزی بینک سے رقوم نکال لیں گے’۔

سعودی عرب کی دھمکی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘سعودی حکومت نے دھمکی دی کہ 40 لاکھ پاکستانی ورکرز کو واپس بھیج دیا جائے گا اور ان کی جگہ بنگلہ دیش کے شہریوں کو ویزے دیے جائیں گے’۔

رپورٹ کے مطابق اردوان نے ترک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'پاکستان کو معاشی دشواریوں کے باعث سعودی عرب کی خواہشات پر عمل کرنا پڑا'۔

ترک صدر کے اس بیان پر دفتر خارجہ کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں ہوا۔

ملائیشیا کا پڑوسی ملک انڈونیشیا بھی اجلاس میں شرکت نہیں کررہا ہے جس کے حوالے سے اردوان کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا کے ساتھ بھی اسی طرح کے معاملات ہیں۔

خیال رہے کہ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں مسلم ممالک کے رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے جہاں دنیا بھر میں مسلمانوں کے مسائل اور دیگر امور پر غور کیا جارہا ہے۔

پاکستان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے تحفظات کے سبب چار روزہ اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشیا سمٹ میں عدم شرکت کی تصدیق کی تھی، بعد ازاں پاکستان وزیر خارجہ کی شرکت سے بھی دستبردار ہوا تھا۔

اس سے قبل کہا گیا تھا کہ اس سمٹ کی تجویز وزیر اعظم عمران خان نے رواں سال ستمبر میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد اور ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے دوران دی تھی۔

سعودی عرب نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پونے 2 ارب مسلمانوں کے اہم مسائل پر گفتگو کے لیے یہ سمٹ غلط فورم ہے جبکہ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ سعودی عرب کو خدشہ ہے کہ ایران، ترکی اور قطر جیسے علاقائی حریف اس کو مسلم دنیا میں تنہا کر دیں گے۔




/129